04 اپریل ، 2012
گڑھی خدا بخش ... صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مخالف جماعتوں کے رہنما سیاست کو بچا لیں۔گڑھی خدا بخش میں ذوالفقار علی بھٹو کی 33ویں برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری کا کہنا تھا کہ آج ذوالفقار علی بھٹو کی برسی ہے۔ہم انہیں خراج تحسین پیش کرنے کیلئے جمع ہیں۔ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بوئی فصل کا پھل کھارہے ہیں۔میں نے ہمیشہ یہی کہا ہے کہ میرے پاس شہیدوں کی امانت ہے۔جس دن بینظیر بھٹو کو شہید کیا گیا اس وقت پاکستان کا کیا عالم تھا، اس دن ایسا لگتا تھا کہ پاکستان ٹوٹ جائے گا۔عوام نے پاکستان کو بچایا۔صدر کا کہنا تھا کہ مخالف جماعتوں کے رہنما سیاست کو بچا لیں۔میں نے ہر قسم کی پارٹی کو ساتھ ملایا،یہ پالیسی مجھے بینظیر بھٹو نے دی تھی۔کوئی چاہتا ہے ہم اردو بولنے والے سندھیوں سے لڑپڑیں،کوئی ہمیں پنجابیوں اور بلوچوں سے لڑوانا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا ہمیں ابھی بہت سے کام کرنے ہیں۔عوام کے لیے ہمارے پاس بہت سے پروگرام ہیں۔ہم غربت سے لڑیں گے۔اس دفعہ صاف شفاف الیکشن ہوں گے۔قوم کواندرونی اور بیرونی بہت سی مشکلات کا سامنا ہے۔سپریم کورٹ اس بات کا نوٹس تو لے کہ گڑھی خدابخش میں بجلی کیوں آرہی ہے۔