10 مارچ ، 2014
اسلام آباد…اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین مولانا محمد خان شیرانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایک سے زیادہ شادیوں کے طریقہ کار کو مشکل بنا دیا گیا، عائلی قوانین میں کئی شقیں خلاف شریعت ہیں،شریعت میں ایک سے زائد شادی کا طریقہ کار موجود ہے۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مولانا محمد خان شیرانی نے کہا ہے کہ شریعت میں ایک سے زائد شادیوں کے طریقہ کار کے احکامات موجود ہیں، عائلی قوانین میں اس معاملے کو پیچیدہ بنا دیا گیا ہے ا ور بعض شقیں شریعت کے خلاف ہیں۔ اسلام آباد میں اپنی زیر ِصدارت اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس کے بعد مولانا محمد خان شیرانی نے میڈیا کو بتایا کہ عائلی قوانین 1961ء کا جائزہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سود اور دیگر شرعی معاملات سے متعلق کیسز کی جلد سماعت کے لیے اعلیٰ عدلیہ سے تحریری درخواست کی جائے گی۔ 1997ء سے2009ء تک کی اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پارلیمنٹ کو بھجوائی جاچکی ہیں جبکہ 2009-10ء سے2011-12ء کی اسلامی نظریاتی کونسل کی رپورٹس پارلیمنٹ کوبھجوانے کی ہدایت کردی ہے۔