10 مارچ ، 2014
تھرپارکر…ڈپٹی کمشنر تھرپارکر آصف اکرام نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تھرپارکر میں سوا لاکھ گندم کی بوریاں تقسیم کی جائیں گی اور لوگ شناختی کارڈ دکھاکر گندم حاصل کرسکیں گے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ کم بارشوں کے باعث تھر میں قحط کی صورتحال پیدا ہوئی۔ دربار ہال مٹھی میں ڈپٹی کمشنر تھرپارکر آصف اکرام نے وزیراعظم میاں نواز شریف کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ متاثرین میں گندم کی سوا لاکھ بوریاں تقسیم کی جائیں گی، اب تک گندم کی 6ہزار سے زائد بوریاں اورخوراک کے 8ہزارتھیلے تقسیم کیے جارہے ہیں۔ متاثرین شناختی کارڈ دکھا کر گندم حاصل کرسکیں گے۔ تھر میں ڈیڑھ لاکھ مویشیوں کی بھی ویکسینیشن کی جارہی ہے، ہرگاوٴں میں ایک ریلیف سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے میجر جنرل محمد سعید علیم نے بتایا کہ تھرپارکرمیں مون سون اور اس کے علاوہ بہت کم بارشیں ہوئیں، جس کے باعث تھرپارکرمیں قحط کی صورت حال پیدا ہوئی، تھرپارکرمیں پانی کی کمی کا سامنا ہے، لیکن شدید قلت نہیں ہے۔