04 اپریل ، 2012
کراچی … شاہی سید نے کہا ہے کہ برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر بھی چاہتے ہیں کہ کراچی میں امن ہو جبکہ فرانسس کیمبل کا کہنا ہے کہ کراچی میں امن و امان دیکھنا چاہتے ہیں، شہر میں امن و امان سب کے مفاد میں ہے، کراچی میں امن عالمی برادری کیلئے اہم ہے۔ برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر فرانسس کیمبل نے اے این پی کے سینیٹر شاہی سید سے ملاقات کی ہے جس میں کراچی میں امن و امان سے متعلق بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سینیٹر شاہی سید کا کہنا ہے کہ برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر بھی چاہتے ہیں کہ کراچی میں امن قائم ہو۔ انہوں نے کہا کہ فرانسس کیمبل سے کراچی میں امن و امان کی صورتحال، آئندہ انتخابات اور دیگر امور پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔ برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر فرانسس کیمبل کا کہنا ہے کہ پر امن کراچی سب کے مفاد میں ہے، برطانیہ کراچی میں امن و امان دیکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن عالمی برادری کیلئے اہم ہے۔ فرانسس کیمبل نے کہا کہ کراچی میں امن کیلئے سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں اسی سلسلے میں اے این پی رہنماوٴں سے بات چیت ہوئی۔