16 مارچ ، 2014
کراچی…کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف مجلس وحدت المسلمین نے نمائش چورنگی پر احتجاجی دھرنا دیا ہے۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس و حدت المسلمین کراچی کے رہنما علامہ علی انور، حسن ہاشمی، علی حسین نقوی و دیگر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت دہشت گردوں کی سرپرستی کر رہی ہے،پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کے 6سالہ دور میں دہشت گردی کے ریکارڈ قائم ہوئے ،کراچی سمیت سندھ بھر میں مظلوم عوام کے قتل عام میں دہشت گردوں کی عدم گرفتاری پر صوبائی کابینہ مستعفی ہوجائے ،خیر پور میں دہشت گرد گروہوں کی فائرنگ سے ایم ڈبلیو ایم کے 9کارکنان کا زخمی ہونا اور رہنماؤں و کارکنان کی گرفتاری قابل مذمت ہے، حکومت سندھ کی جانب سے ممتاز گراؤنڈ خیرپور میں لبیک یا رسول اللہ ﷺکانفر نس کے انعقاد کی اجازت دینے کے بعد بلا جواز گرفتاری کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔رہنماوٴں نے خیر پور میں 16مارچ کو لبیک یا رسول اللہ کانفرنس منعقد کرنے کیلئے کیلئے ممتاز گراؤنڈ سے گرفتار کئے جانے والے ایم ڈبلیو ایم اور سنی اتحاد کونسل کے کارکنان کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔ دھرنے میں وحدت المسلمین کے کارکنان، شیعہ اکابرین، علماء سمیت رہنماؤں کی بڑی تعداد موجود تھی۔