17 مارچ ، 2014
پشاور…طالبان کمیٹی کے کوآرڈی نیٹر مولانا یوسف شاہ نے کہا ہے کہ دونوں جانب ہزاروں قیدی ہیں، غیر عسکری قیدیوں کی رہائی سے مذاکرات کا ماحول بہتر ہوسکتاہے۔ طالبان کمیٹی کے رابطہ کار مولانایوسف شاہ نے کہا ہے کہ قیدیوں کی فہرست پردونوں کمیٹیوں کے اجلاس میں غورکیا جائے گا۔ طالبان کی جانب سے قیدیوں کی فہرست وزیرداخلہ کے حوالے کر دی ہے۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا یوسف شاہ کا کہنا تھا کہ غیرعسکری قیدیوں کی رہائی سے مذاکرات کا ماحول بہتر ہو سکتا ہے، یہ مطالبہ نہیں تجویز ہے، دونوں جانب ہزاروں قیدی ہیں، عسکری قیدیوں کی رہائی کا کسی نے مطالبہ نہیں کیا۔ حکومت اور طالبان نے مذاکرات کیلئے جگہ کی نشان دہی کردی ہے تاہم ابھی تک حتمی تعین نہیں ہوا۔ مولانا یوسف شاہ کے مطابق آج تک قومی سطح پرکوئی معاہدہ نہیں ہوا اور نہ ہی فائر بندی ہوئی، پہلی بار ہونے والی یہ پیش رفت انشاء اللہ نتیجہ خیزہوگی، مذاکرات میں جیت، امن کی بحالی کی صورت میں پاکستانی قوم کی ہوگی۔