18 مارچ ، 2014
اسلام آباد…وزیر اطلاعات پرویز رشید کاکہنا ہے کہ طالبان کی طرف سے دی گئی قیدیوں کی فہرست پر حکومتی کمیٹی متعلقہ اداروں سے معلومات لے گی ، ان کاکہنا تھاکہ قبائلی علاقوں میں قید تمام شہریوں کی رہائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اسلام آباد میں ایک تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفت گو میں وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہاکہ طالبان سے مذاکرات پراپوزیشن سمیت تمام جماعتوں کا اتفاق ہے۔انہوں طالبان کی طرف قیدیوں کی رہائی کے لیے فراہم کی گئی فہرست کے سوال پرکہاکہ اس پرحکومتی کمیٹی پہلے اپنے متعلقہ اداروں سے رابطہ کرکے معلومات اکٹھا کرے گی اور پھر جو بھی جواب سامنے آئے گا اس سے طالبان اورمیڈیا کو آگاہ کردیا جائے گا۔پرویز رشید کایہ بھی کہنا تھاکہ صرف سلمان تاثیر اور یوسف رضاگیلانی کے بیٹے ہی نہیں بلکہ وہ تمام پاکستانی شہری جن کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ قبائلی علاقوں میں قید ہیں ، ان کی رہائی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔اتحادی جماعت جے یوآئی ف کے امیر سے ملاقات پر پرویز رشید کا کہناتھاکہ اس میٹنگ کا ایجنڈ جے یو آئی کی وزارتیں نہیں تھا۔ملائشیین طیارے کو پاکستان میں اتارے جانے کے حوالے سے پرویز رشید نے کہاکہ یہ بڑا طیارہ تھا کوئی غبارہ نہیں تھاکہ کسی کو پتہ نہ چل سکے ، پاکستان کی فضائی سرحدیں انتہائی محفوظ اور نگران الرٹ ہیں۔