18 مارچ ، 2014
کراچی…کراچی میں پولیس کے اینٹی کار لفٹنگ سیل کے ایک افسرکے چھینی اور چوری کی گئی گاڑیوں کے دھندے میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، تحقیقات کے بعد اس افسرکو نوکری سے نکال دیا گیا ہے۔ پولیس نے گزشتہ ماہ گارڈن ہیڈکوارٹرز میں چھاپا مار کرچوری اور چھینی گئی دو گاڑیاں اور دو موٹرسائیکلیں برآمد کیں،جنہیں کافی عرصے سے مال خانے میں جمع نہیں کرایاگیاتھا، یہ گاڑیاں اے سی ایل سی کے سب انسپکٹر کے گھر کے باہر سے برآمد کی گئیں، جس پر اسے گرفتار کیا گیا اور نبی بخش تھانے میں مقدمہ بھی درج کیا گیا ،تاہم تفتیش اے سی ایل سی کے سپرد کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق انکوائری کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ پولیس افسرچوری اور چھینی گئی گاڑیاں انشورنس کمپنیوں کو بیچا کرتا تھا۔