19 مارچ ، 2014
پشاور…طالبان رابطہ کار کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم نے جیونیوز سے بات چیت میں بتایا کہ طالبان مذاکراتی عمل کونتیجہ خیزبنانے کے لئے غیر عسکری قیدیوں کی رہائی اور جنوبی وزیرستان میں مذاکرات کے خواہاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے کیلئے حکومت کو بروقت فیصلے کرنے ہوں گے۔پروفیسر ابراہیم نے بتایا کہ طالبان جنوبی وزیر ستان کی تحصیل لدھااور مکین میں مذاکرات کے حامی ہیں جبکہ حکومت پولٹیکل ایجنٹ شمالی وزیرستان کے دفتر،ایف آر بنوں اور بنوں ائیرپورٹ پر مذاکرات کی میز سجانا چاہتی ہے، جلد ہی مذاکراتی عمل کے لیے جگہ کا تعین کرلیا جائے گا۔ پروفسیر ابراہیم کا کہنا تھا کہ طالبان کمیٹی فوج کے سربراہ اور ڈی جی آئی ایس آئی سے ملاقات کی خواہشمند ہے۔