20 مارچ ، 2014
لاہور…پنجاب اسمبلی میں قائدِحزبِ اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ وزیرِقانون پنجاب راناثناء اللہ کوبلدیاتی الیکشن2016ء تک نہیں ہوسکتے جیسے منفی بیانات نہیں دینے چاہئیں، وہ بلدیاتی الیکشن سے بھاگنا چاہتے ہیں، مردم شماری کی وجہ سے بلدیاتی الیکشن کو نہیں روکا جانا چاہئے۔ میاں محمودالرشید پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن فرائض کی بجا آوری میں صوبائی حکومتوں سے مدد لے سکتا ہے، پہلے آخری تاریخ تک حلقہ بندیاں ہوتی رہیں، میرٹ کی بنیاد پر حلقہ بندیاں ہوتیں تو کوئی شور نہ اٹھتا۔ محمود الرشید کا کہنا تھا کہ پٹواریوں کو میرٹ پر نہیں لگایا جا رہا، لوگ اس نظام کے اندر جکڑے ہوئے ہیں، وہ پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی سمیت تمام کمیٹیوں کے ازخود نوٹس کیلئے قرارداد اسمبلی میں لارہے ہیں۔