05 اپریل ، 2012
لاہور… مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز کاکہنا ہے کہ وزیراعظم سوئس حکام کو خط لکھیں یا نہ لکھیں عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ ملک کو لوٹنے والوں کا احتساب کر کے رہیں گے۔لاہور کی ویٹرنری یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پاکستان تقریروں اور کھوکھلے نعروں سے خوشحال نہیں ہو گا۔ ملک کو کرپشن سے پاک کرنا ہے جس کے لیے ایک اور لانگ مارچ کرنا پڑا تو کریں گے۔ عوام الیکشن میں ووٹ اپنے ضمیر کی آواز کے مطابق دیں۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ غیر ملکی امداد کے بجائے اپنے وسائل پر انحصار کرنا ہو گا۔