21 مارچ ، 2014
پشاور…خیبر پختونخوا اسمبلی نے ہزارہ صوبے کے قیام کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی۔ اے این پی، پیپلزپارٹی اور قومی وطن پارٹی نے قرارداد کی مخالفت کی۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں ہزارہ صوبے کے قیام کی قرارداد تحریک انصاف کے رکن سردار ادریس نے پیش کی۔ اے این پی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک، پیپلزپارٹی کی رکن نگہت اورکزئی اور قومی وطن پارٹی کے بخت بیدار خان نے قرارداد کی مخالفت کی جبکہ اپوزیشن اور حکومت قرارداد پر تقسیم نظر آئی۔ مسلم لیگ ن کے وجیہہ الزماں نے قرارداد کی حمایت جبکہ ن لیگ کے ہی ارباب اکبر حیات نے مخالفت کی۔ صوبائی وزیر شاہ فرمان نے قرارد اد پارلیمانی لیڈرز کی خصوصی کمیٹی کے سپرد کرنے کی تجویز دی، تاہم ایوان نے کثرت رائے سے ہزارہ صوبے کے قیام کی قرارداد منظور کرلی جبکہ صوبائی وزیر صحت نے صوبے کا نام تبدیل کرکے ہزارہ خیبر پختونخوا نام رکھنے کی قرارداد پیش کی جو کثرت رائے سے منظور کر لی گئی۔