05 اپریل ، 2012
اسلام آباد… قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس رضا ربانی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا ، مسلم لیگ ن نے کمیٹی کے اجلاس کا بائی کاٹ ختم کردیاہے اجلاس میں پاک امریکہ تعلقات اور نیٹو سپلائی کے حوالے تیار کی گئی سفارشات کا ازسر نو جائزہ لیا جارہا ہے۔ مسلم لیگ ن نے کمیٹی کا بائیکاٹ ختم کردیا ہے ، ن لیگ کی جانب سے مہتاب اکبر عباسی نے کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔کمیٹی اجلاس کے بعد چئرمین کمیٹی رضا ربانی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں ن لیگ کی واپسی خوش آئند ہے ، انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے رکن کو کمیٹی کی گذشتہ تین دنوں کی کاروائی بارے آگاہ کر دیاگیا ہے ، وہ اس بارے اپنی قیادت سے مشاورت کریں گے۔ رضا ربانی کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی قومی مفاد کو مدنظر رکھ کر کام کر رہی ہے اور اس حوالے سے کسی بیرونی دباو میں نہیں آئیں گے۔ مسلم لیگ ن کے کمیٹی رکن مہبتاب اکبر عباسی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان پر دباو جاری رکھے ہوئے ہے اور وہ یہ جان لے کہ نیٹو سپلائی کی بحالی اتنا آسان کام نہیں۔ کمیٹی کے رکن مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ نیٹو سپلائی کی بحالی کے حوالے سے اپنے موقف پر قائم ہیں ، سفارشات کے پارلیمنٹ میں پیش ہونے پر وہ اپنے ردعمل کا فیصلہ کریں گے۔ کمیٹی کا اجلاس کل دوبارہ د ن ڈیڑھ بجے ہوگا۔