05 اپریل ، 2012
کراچی … کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں فائرنگ سے 3 پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق پی آئی بی کالونی میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 3 پولیس اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ تھانہ پی آئی بی کالونی میں مقدمہ نمبر 91/2012 پولیس کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ رات گئے پی آئی بی کالونی میں چکی آٹا اسٹاپ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایس آئی دھنی بخش، کانسٹیبل نثار اور کانسٹیبل اکرم رمضان کو شدید زخمی کر دیا تھا۔ تینوں کو طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔مرنے والے پولیس اہلکاروں کا تعلق فیروز آباد تھانے سے تھا جو پی آئی بی کالونی میں تعینات تھے۔ ذرائع نے بتایا کے حملہ آور 3 موٹر سائیکلوں اور ایک گاڑی میں آئے تھے جو واقعے کے بعد با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔