05 اپریل ، 2012
اسلام آباد … اسامہ بن لادن کے اسلام آباد میں قید اہلخانہ کو سعودی عرب اور یمن کے حوالے کرنے کیلئے رابطے جاری ہیں، یمن نے ایک بیوہ اور 5 بچوں کو لینے پر آمادگی ظاہر کردی اور ان کی واپسی 18 اپریل کو متوقع ہے۔ ایبٹ آباد میں 2 مئی2011ء کو امریکی آپریشن کے بعد اسامہ بن لادن کی 3 بیواوٴں اور 2 بالغ بیٹیوں کو قید و جرمانے کی سزا دی گئی ہے۔ اسلام آباد کے ایک گھر کو سب جیل قرار دے کر اسامہ کی 3 بیواوٴں، 2 بیٹیوں اور دیگر 10 کمسن بچوں کو بھی رکھا گیا ہے ۔ اسامہ کے خاندان کے وکیل عامر خلیل کے مطابق سزا کی مدت 18 اپریل کو مکمل ہوجائے گی۔ یمن کی حکومت اسامہ کی ایک بیوہ اور 5 بچوں کی واپسی پر رضا مند ہوگئی ہے اور پاکستان میں یمنی سفارتخانے میں ان کی واپسی کے کاغذات بھی تقریباً مکمل ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ اسامہ کی 2 بیواوٴں اور 7 بچوں کی سعودی عرب حوالگی کیلئے بھی رابطے جاری ہیں۔