پاکستان
25 مارچ ، 2014

جوہری سلامتی یقینی بنانے کیلئے قومی، عالمی تعاون کی ضرورت ہے،نوازشریف

جوہری سلامتی یقینی بنانے کیلئے قومی، عالمی تعاون کی ضرورت ہے،نوازشریف

دی ہیگ…وزیر اعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ جوہری سلامتی یقینی بنانے کے لیے قومی اور عالمی سطح پر تعاون کی ضرورت ہے۔ جوہری تحفظ کانفرنس کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ ایٹمی ممالک افزودہ یورینیم کے انبار کم کریں۔مشترکہ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایٹمی ممالک افزودہ یورینیئم کے انبار کم کرکے جوہری توانائی القاعدہ جیسی شدت پسند تنظیموں کے ہاتھ لگنے سے بچائیں۔ دی ہیگ میں جوہری تحفظ کانفرنس کے دوسرے روز عالمی رہنماوٴں سے غیر رسمی بات چیت میں وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ جوہری سلامتی کو موٴثر بنانے کے لیے اسے وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رکن ممالک کانفرنس کے فیصلوں کی پاسداری یقینی بنائیں۔ کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب میں ہالینڈ کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایٹمی دہشت گردی سے روک تھام پوری دنیا کا معاملہ ہے۔ امریکی صدر باراک اوباما کا کہنا تھا کہ کانفرنس کا اہم نکتہ باتیں نہیں بلکہ اقدامات ہیں۔ کانفرنس کے بعد پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نیوکلئیر سیکورٹی بڑھانے کے لیے پرعزم ہے، نیوکلئیر سیکورٹی حکومت کی قومی ذمہ داری ہے۔ اجلاس نے عالمی برادری کے ساتھ رابطوں کو بہتر بنانے میں مدد دی۔

مزید خبریں :