28 مارچ ، 2014
میر پور، ڈھاکا…ورلڈ ٹی20، گروپ ٹو کے ایک اہم میچ میں بھارت نے بنگلا دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔اس طرح بھارت نے ایونٹ کے سیمی فائنل میں اپنی لیے جگہ بنالی ہے۔اس سے قبل میر پور کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کاٹاس بھارت نے جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس پر بنگلہ دیش ٹیم نے اپنے مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 138رنز بنائے تھے،جس کے جواب میں بھارتی ٹیم نے مقررہ ہدف دو وکٹوں پر 18.3اوورز میں حاصل کرلیا ۔بھارت کی اس جیت میں ایک بار پھر مرکزی کردار اوپنر روہت شرما 56اور ویرات کولہی 57ناٹ آؤٹ نے ادا کیا،جبکہ کپتان دھونی 22رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔بنگلہ دیش کی جانب سے صرف مشرفی مرتضیٰ اور الامین حسین ہی ایک ایک وکٹ حاصل کرسکے ،بھارتی بیٹسمینوں نے بنگلہ دیشی بولروں کی وہ درگت بنائی کہ وہ کسی بھی موقع پر انکے لیے مسئلہ نہ بن سکے۔بھارت کے روی چندرن ایشون کو میچ کا سب سے بہترین کھلاڑی گردانا گیا۔بھارت اب تک اپنے تینوں میچز جیت کر چھ پوائنٹس حاصل کرچکا ہے، اور اپنے گروپ کے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔