05 اپریل ، 2012
اسلام آباد … وفاقی سیکریٹری پانی و بجلی امتیاز قاضی کا کہنا ہے کہ 9 اپریل کو لاہور میں ہونے والی توانائی کانفرنس میں بجلی چوری کی روک تھام کیلئے ضلعی سطح پر خصوصی مجسٹریٹ مقرر کرنے کی تجویز پیش کرے گی۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری پانی و بجلی نے بتایا کہ 9 اپریل کو لاہور میں ہونے والی توانائی کانفرنس میں صوبوں سے بجلی چوری کی روک تھام میں تعاون فراہم کرنے کیلئے کہا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر کے اندارج کیلئے مشکلات پیش آتی ہیں، اس سلسلے میں وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کو مکمل تعاون فراہم کرنے کا مطالبہ کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت بجلی چوروں سے تنگ ہے ،بجلی چوروں کو سخت سزائیں اور جرمانوں کیلئے الیکٹریسٹی ایکٹ 1910ء میں تبدیلیوں کا بھی امکان ہے، پارلیمنٹ میں بھیجنے سے قبل مشترکہ مفادات کونسل کی منظوری ضروری ہو گی۔