06 اپریل ، 2012
کراچی ... شیعہ علماء کونسل کے تحت کراچی میں عامر عباس نامی شخص کی ہلاکت کے خلاف نمائش چورنگی پر 6 گھنٹے سے زائد احتجاجی دھرنا دیا گیا۔کراچی کے علاقے بفرزون میں عامر عباس نامی نوجوان کی نامعلوم افرادکی فائرنگ سے ہلاکت کے خلاف شیعہ علماء کونسل کے تحت محفل شاہ خراساں سے نمائش چورنگی تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور دھرنا دیا گیا۔ احتجاجی دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید احمد علی نقوی نے کہا کہ شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ روکنے میں حکومت ناکام ہو گئی، کراچی، کوئٹہ، گلگت، پارا چنار سمیت دیگر شہروں میں شعیہ افراد کو گھات لگا کر قتل کرنے کا سلسہ جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ معصوم و بے گناہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں ورنہ احتجاج کے دائرہ کار کو بڑھایا جائے گا۔ 6 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والا دھرنا رات ایک بجے کے قریب ختم ہوا جس کے بعد ایم اے جناح روڈپر ٹریفک کی روانی بحال ہو گئی۔