31 مارچ ، 2014
اسلام آباد…وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عدلیہ نے پرویزمشرف پر فرد جرم عائد کرکے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے انہوں نے سابق صدرریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کی علیل والدہ کو بذریعہ ایئر ایمبولینس پاکستان بلانے کی پیشکش کی ہے ۔قومی اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے خواجہ آصف نے پیشکش دیتے ہوئے کہا کہ جیلیں بھری پڑی ہیں جن کی والدہ یا باقی رشتہ داربھی بیمار ہیں۔وزیردفاع نے کہا کہ عدلیہ نے پرویز مشرف پر فرد جرم عائد کرکے ایک نئی تاریخ رقم کردی ،اب ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کی حمایت کرنے والے کو بھی کٹہرے میں لانا چاہیے،ان کا کہنا تھا کہ اس شخص پر فرد جرم عائد کی گئی جس نے چار مرتبہ شب خون مارا۔عدلیہ فیصلہ کرے گی کہ مشرف کو علامتی سزا ملتی ہے یا کچھ اور ۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت کس کس کو رعایت دے گی ،پرویز مشرف کے معاملے پرحکومت پرنہ کوئی دباوٴ ہے،نہ قبول کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج اور سویلین حکومت ایک پیج پر ہیں۔مشرف معاملے پر عدلیہ جو بھی فیصلہ کریگی، حکومت اس پر عملد رآمد کریگی ،آئین اور قانون شکنی گھناوٴنا جرم ہے،اس کی سزا ملے گی۔