01 اپریل ، 2014
لاہور…بہار کی آمد کا سب سے بڑا جشن تو کھلتی کلیوں اور پھولوں کا استقبال ہے، لاہور میں جشن بہاراں کے سلسلے میں سجی پھولوں کی ایک ایسی ہی نمائش۔بہار تو جیسے ہے رنگوں اور خوشبو وٴں کا موسم۔ہر طرف نیلے پیلے،ہر ہر رنگ کے پھول کھلے ہوں تو فضا معطر ، طبیعت بحال اور مزاج خوشگوار ہو جاتے ہیں۔حسین و رنگیں رت کا مزہ اٹھانے کے لیے لاہور کے جیلانی پارک میں پھولوں کی نمائش کا اہتمام کیا گیا ۔پھولوں کی تراوت اور تروتازگی جسم و جاں میں اتارنے شہری کھنچے چلے آئے۔5سو سے زائد اقسام کے سجے خوش رنگ پھولو ں نے خواتین، بچوں، بڑوں، سب کو اپنے سحر میں لے رکھا ہے تو پھولوں کے نرم و گداز احساس نے فضاوٴں میں حکمرانی قائم کر لی ہے ۔نرم و نازک مخملیں پھول ماحول کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہی ہیں، ان کی موجودگی ذہنوں کو آسودگی اور تسکین بخشتی ہیں، زمین پر بکھرے رنگ برنگے پھولوں کی قوس و قزح نا صرف آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچانے کا باعث بنتی ہے،بلکہ ان کی خوشبو روح کو بھی ترو تازہ کر دیتی ہے۔