انٹرٹینمنٹ
02 اپریل ، 2014

پاکستانی نژاد امریکی گلوکار رومی خان بھارت میں آواز کا جادو جگائینگے

 پاکستانی نژاد امریکی گلوکار رومی خان بھارت میں آواز کا جادو جگائینگے

ہیوسٹن …راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ خصوصی… امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن کے پاکستانی نژاد امریکی گلوکار رومی خان بھارت میں میوزیکل کنسرٹ کے دوران اپنی آواز کا جادو جگائیں گے جس کیلئے انہوں نے بھارت کے معروف گلوکار ہنی سنگھ کے ساتھ مل کر میوزیکل کنسرٹ کے پروگرام تشکیل دیدئیے ہیں۔ اس ضمن میں ان کا پہلا کنسرٹ مورخہ 7 جون کو بھارت کے شہر احمد آباد میں منعقد ہو گا جس کے بعد بھارت کے مختلف شہروں میں ان کے دیگر میوزیکل کنسرٹ منعقد کئے جائیں گے۔ رومی خان پاکستانی نژاد امریکی گلوکار ہیں جنہوں نے 9 سال کی عمر سے گانا گانا شروع کیا۔ حال ہی میں ان کی جانب سے ریلیز کیا جانے والا گانا ”تو یہ جانے نہ“ انتہائی مقبول ہوا جس کے بعد بھارت میں موسیقی کے دلدادہ پروموٹر کرشنا سنگھ نے اُن سے رابطہ کیا اور بھارت میں ان کو مختلف میوزیکل کنسرٹ منعقد کرانے کے سلسلے میں اُن سے معاہدے کئے ہیں۔ رومی خان نے جنگ/ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ ان کے لئے اعزاز کی بات ہے کہ بھارت میں موسیقی کے دلدادہ افراد نے ان کو سننے کیلئے وہاں مدعو کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ حال ہی میں ایک پنجابی گانے ”لگددی فراری کیوں“ ،”نچنا“ اور ”کہانی“ پر کام کر رہے ہیں انہوں نے کہاکہ ان کے گانوں میں جدیدیت اور مشرق و مغرب کی رنگ نمایاں ہیں یہی وجہ ہے کہ نوجوان نسل میں ان کے گانے انتہائی مقبول ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت میں ہونے والے پہلے کنسرٹ میں ان کے والد شریف الدین اور ان کی والدہ بھی شرکت کرنے کی غرض سے ان کے ہمراہ بھارت جائیں گے۔

مزید خبریں :