انٹرٹینمنٹ
03 اپریل ، 2014

پاپ موسیقی کی ملکہ نازیہ حسن کی49 ویں سالگرہ

پاپ موسیقی کی ملکہ نازیہ حسن کی49 ویں سالگرہ

کراچی …پاپ موسیقی کو غیرمعمولی شہرت بخشنے والی خوبرو گلوگارہ نازیہ حسن کے پرستار آج ان کی49 ویں سالگرہ منا رہے ہیں ۔برصغیر میں پاپ موسیقی کے بانیوں میں شمار کی جانے والی گلوکارہ نازیہ حسن 3 اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔1980 میں پندرہ سال کی عمر میں وہ اس وقت شہرت کی بلندیوں پرپہنچ گئیں جب انہوں نے بھارتی فلم قربانی کا گیت ”آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے تو بات بن جائے“ گایا۔جس کے بعد 1981 میں ریلیز ہونے والے نازیہ حسن کے پہلے البم ”ڈسکو دیوانے“ نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ عالمی شہرت یافتہ شمارے ٹائمز نے نازیہ حسن کو اس وقت کی ان با اثر پچاس شخصیات کی فہرست میں شامل کیا، جنہوں نے پاک و ہند کی نوجوان نسل کے مزاج پر گہر ااثر ڈالا۔ اپنے بھائی زوہیب حسن کے ساتھ مل کرنازیہ حسن نے 1982 میں بوم بوم،1986میں ینگ ترنگ،1987ء میں ہاٹ لائن اور1992ء میں کیمرا کیمرا کے ناموں سے چار البم ریلیزکئے۔ یہ بہن بھائی جلد ہی نوجوانوں میں بے حد مقبول ہوئے اور ان کے گائے ہوئے گیت اکثریت کی زبان پر تھے۔ انہیں 2002ء میں حکومت پاکستان کی طرف سے بعدازوفات پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا۔ حسن، دلکشی، فن اور شہرت میں وہ اپنی مثال آپ تھیں، ان خوبیوں کے ساتھ قدرت نے جہاں نازیہ پر بے حساب مہربانیاں کیں وہیں ان کے حصے میں زندگی بہت مختصر رکھی۔ نازیہ حسن محض 35برس کی عمر میں پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہو کر 13 اگست 2000 ء کو اس دار فانی سے رخصت ہوگئیں لیکن اس کی سریلی آواز اور مسکراتا چہرہ پرستاروں میں آج بھی مقبول ہے۔

مزید خبریں :