01 مئی ، 2014
کراچی…آج چھٹی کے دن بھی عوام بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نہ بچ سکے۔طویل اورغیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے تنگ بنوں کے شہری سڑکوں پر نکل آئے۔آج عام تعطیل کے باوجود بجلی اپنا دیدارکرانے کو تیار نہیں،کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ سے لوگ پریشان ہیں۔بنوں میں 24 گھنٹوں کے دوران لوگوں کو بمشکل چار گھنٹے ہی بجلی میسر آتی ہے۔اس اذیت ناک صورت حال کے خلاف انجمن تاجران بنوں کی اپیل پر شہر بھر میں آج شٹر ڈاون ہڑتال کی جارہی ہے۔پریٹی گیٹ پر لوگوں نے مظاہرہ کیا اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف نعرے لگائے۔کچھ ایسی ہی صورت حال ملک کے دیگرشہروں میں بھی ہے۔سندھ ،پنجاب اوربلوچستان کے عوام کو سخت گرمی میں طویل لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے۔یہاں شہری علاقوں میں 12سے 14گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 16سے 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ خیبرپختون خوا میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی اورکئی کئی گھنٹے بندش سے عوام سخت پریشان ہیں۔طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کئی علاقوں میں پینے کے پانی کی بھی قلت پیدا ہوگئی ہے۔