08 اپریل ، 2012
چکوال … سنی اتحاد کونسل کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ پارلیمان کو یرغمال بنا کر خفیہ اطلاعات کے تبادلے کے نام پر مزید ریمنڈ ڈیوس پاکستان لانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں اور نیٹو سپلائی بحال کر کے پاکستان اور افغانستان کو مستقل دشمن بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدان عوام کی خدمت کے بجائے عوام کو مسائل کی چتا میں جلا رہے ہیں۔ چکوال میں واقع دارالعلوم بھنگالی شریف میں اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاکستان کے خلاف،پاکستان میں بیٹھ کر پاکستان توڑنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل پر قبضہ کرنے کیلئے عالمی طاقتیں وہاں تخریب کاری میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور گلگت میں شیعہ سنی کشیدگی کے نام پر خانہ جنگی کی سازش تیار کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اور معاشرت کو تباہ کر نے کیلئے تہذیب اور تمدن کے نام پر فحاشی و عریانی پھیلائی جا رہی ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ قیام پاکستان کے بارے میں سوالات اٹھا کر قوم کے ذہنوں میں شکوک و شبہات پیدا کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دین کے نام پر دہشت گردی کو ہوا دی گئی اور دہشت گردوں نے 50 ہزار افراد کو ناحق قتل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ دین فروش علماء جانوں کے خوف سے چپ رہے لیکن سنی اتحاد کونسل نے دہشت گردوں کی سوچ پر حملہ کر کے انہیں ناکام بنایا۔