07 مئی ، 2014
کراچی …جامعہ کراچی کے شعبہ ابلاغ عامہ میں ڈاکٹر رفعیہ تاج کی زیر نگرانی تھیلسیمیا سے بچاؤ اور آگاہی کے لئے ایک سیمینار اور مفت بلڈ اسکریننگ کا اہتمام کیا گیا۔ اس سیمینار کا بنیادی مقصد طالب علموں میں تھیلسیمیاں سے متعلق شعور اْجاگر کرنا اور اس مرض کی وجوہات سے آگاہی فراہم کرنا تھا ۔ سیمینار میں جامعہ کراچی کے مختلف شعبوں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ شعبہ ابلاغ عامہ کی پروفیسر ڈاکٹر رفعیہ تاج نے طالبات کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اس طرح کے سیشن کو مزید آگے بڑھانے اور نوجوان نسل میں شعور اْجاگر کرنے کی بھرپور یقین دھانی کرائی ۔افضال میموریل تھیلسیمیا فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر طارق عزیز نے ملک سے تھیلسیمیا کے خاتمے کیلئے شادی سے پہلے لڑکا اور لڑکی کوخون کا ٹیسٹ لازمی قرار دینا چاہئے کیونکہ یہ والدین سے بچوں میں منتقل ہوتا ہے جس کیلئے ضروری ہے کہ شادی سے قبل اس طرح کے ٹیسٹ کی اہمیت کو سمجھتے ہو ئے اس کو عام کیا جانا بے حد ضروری ہے ،ماں یا باپ میں سے کسی ایک کا منفی ٹیسٹ آنے پر مستقبل کی نسل کو اس موذی مرض سے بچایا مشکل ترین ہوجاتا ہے۔ اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی کل آبادی میں سے تقریباً ایک کروڑ بچے تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا ہیں۔ اس تیزی سے پھیلنے والی بیماری کی روک تھام کے لئے ضروری ہے کہ شادی سے پہلے خون کاٹیسٹ ضرور کرایا جائے تاکہ آئندہ کی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنایا جائے۔