14 مئی ، 2014
کراچی …اداکار وینا ملک اپنے شوہر کے ہمراہ ممتاز سماجی کارکن مولانا عبدالستار ایدھی کی عیادت کیلئے میٹھادر کراچی پہنچیں ،جہاں انہوں نے ننھے منے بچوں کے ساتھ وقت گزارا۔اداکارہ وینا ملک اپنے شوہر اسد بشیرخٹک کے ہمراہ کراچی کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے میٹھادر میں واقع ایدھی سینٹر میں بین الاقوامی شہرت یافتہ سماجی کارکن مولانا عبدالستار ایدھی کی عیادت کی۔ مولانا ایدھی صاحب کی خیریت دریافت کر تے ہوئے وینا ملک نے کہا کہ ان کے لئے ایدھی صاحب کی شخصیت مشعل راہ ہے اور ان کی خواہش تھی کہ وہ مولانا صاحب سے ملیں۔اس موقع پر ایدھی صاحب کا کہنا تھا کہ اداکاروں کو بھی سماجی کاموں میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے آگے آنا چاہیے۔اس موقع پر بیگم بلقیس ایدھی کے خیالات بھی کچھ مختلف نہ تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ سماجی کاموں کی ذمہ داری اگر پڑھے لکھے لوگ سنبھالیں گے تو ملک اور ترقی کرسکے گا۔بعد میں وینا ملک نے ایدھی سینٹر کا دورہ کیا اورعملے سے بھی ملاقات کی۔ سینٹر میں مقیم بے سہارا بچوں سے ملکر ان کی خوشی جہاں دیدنی تھی وہیں بچوں نے بھی خوشی کا اظہار کر تے ہوئے گانے گائے اور ڈانس بھی کیا۔اداکارہ وینا ملک کا کہنا تھا کہ مولانا ایدھی کی ساری زندگی انسانیت کی خدمت میں گزری ہے اور وہ ہی اصل میں قوم کے ہیرو ہیں۔ممتاز سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی عیادت کے موقع پر اداکارہ وینا ملک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بھی مولانا ایدھی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دکھی انسانیت کی خدمت کرنے کی خواہشمند ہیں۔