16 مئی ، 2014
لاہور…نامورگلوکارہ، ملکہ ترنم نورجہاں کی بیٹی گلوکارہ ظل ہما انتقال کر گئیں۔ انہیں لاہور کے گارڈن ٹاوٴن قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا، ظل ہما نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں، اور کئی روز سے کومے میں تھیں۔گلوکارہ ظل ہما شوگر اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھیں۔ شوگر کے باعث چند روز قبل ان کی ایک ٹانگ کاٹ دی گئی۔ وہ یہ صدمہ برداشت نہ کر سکیں اور کومے میں چلی گئیں۔ اسی حالت میں وہ خالق حقیقی سے جا ملیں۔ ظل ہما کی عمر 70برس تھی۔ ظل ہما کی نماز جنازہ گارڈن ٹاوٴن کی مسجد میں ادا کی گئی اورہزاروں سوگوروں کی موجودگی میں انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ ظل ہما نے سوگواران میں چار بیٹے چھوڑے ہیں۔ فنکاروں کا کہنا ہے کہ فن موسیقی کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔انھوں نے پلے بیک سنگر کے طور پر فلموں میں اپنی آواز کا جادو جگایا اور والدہ کو ایک میوزک البم کے ذریعے خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ ظل ہما کو بچپن سے ہی گائیکی کا شوق تھا۔ انہوں نے اپنی والدہ ملکہ ترنم نور جہاں سے موسیقی کے اسرار و رموز سیکھے۔ تاہم نور جہاں نے انہیں باقاعدہ گلوکاری کے میدان میں قدم رکھنے کی اجازت نہ دی۔ 1990ء میں بالآخر انہوں نے اپنی والدہ کو منا لیا،پھر استاد غلام محمد کی شاگرد بنیں اور گیت گانا شروع کئے۔ظل ہما نے 1998ء میں ریلیز ہونے والی فلم ویری گڈ دنیا ویری بیڈ لوگ میں پہلی بار پلے بیک گلوکاری کی۔ظل ہما نے والدہ کو ایک البم کے ذریعے ٹریبیوٹ بھی پیش کیا، ملکہ ترنم کے گیتوں کو ری مکس کیا اور خوب شہرت پائی۔ظل ہما نے پٹیالہ گھرانے کے استاد اسد امانت علی سے بھی گائیکی سیکھی۔