19 مئی ، 2014
کراچی…جیو کے خلاف واویلا کرنے والے اے آر وائی چینل نے اپنے پروگراموں پر اب تک معافی نہیں مانگی، جیو پر ایک بار نادانستگی میں چلنے والے ویڈیو کلپ کو اے آر وائی نے پیشہ ورانہ بغض میں 60 بار دکھایا۔اے آر وائی چینل اور اس کے اینکر مبشر لقمان آج کل جنگ اور جیو کے خلاف جو حرکتیں کر رہے ہیں انھیں دیکھ کر وہ مقولہ یاد آتا ہے کہ دوسروں کو نصیحت، خود میاں فضیحت۔ یہ چینل اور اس کا اینکر جس بات پر جیو کے خلاف پرواپیگنڈا کر رہے ہیں، وہ خود اس سے زیادہ گھناوٴنے عمل میں ملوث رہے ہیں۔جیو نے توغلطی پر معافی بھی مانگی، لیکن اے آروائی کو اپنی شرمناک حرکت پر معافی مانگنے کی اب تک توفیق نہیں ہوئی۔پھر جیو نے جو کلپ نادانستہ طور پر ایک مرتبہ چلایا وہ اے آر وائی نے دانستہ طور پر 60مرتبہ چلایا۔ ٹی وی چینل اے آر وائی اور اس کے اینکر مبشر لقمان کی جانب سے جیو نیوز کے خلاف ایک مرتبہ پھر بغض سے بھرپور مہم چلائی گئی۔ بہانا یہ بنایا گیا کہ جیو اینٹرٹینمنٹ پر ایک قوالی نامناسب انداز میں چلائی گئی۔ لیکن جیو نیوز کے ناظرین نے کچھ ہی دیر میں اسلام کے نام نہاد ٹھیکے دار چینل کا پول بھی کھول دیا۔ انھوں نے ہمیں کچھ ایسی ویڈیوز بھیجیں جن میں صاف طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ خود اے آر وائی اسی قوالی کو ایک نہیں، چار مرتبہ نامناسب انداز میں نشر کر چکا ہے۔ جیو نیٹ ورک نے غلطی کا احساس ہوتے ہی معافی مانگی، لیکن اس چینل نے، جو چار بار یہی غلطی کر چکا ہے، اب تک کسی قسم کی کوئی معافی نہیں مانگی۔ جیو پر جو کلپ نادانستہ طور پر ایک مرتبہ چلنے پر گستاخی کا الزام لگا، وہی کلپ اے آر وائی پر ساٹھ گھنٹے نشر کیا جاتا رہا، اس چینل کو اس پر بھی کوئی شرم نہ آئی، معلوم یہ ہوا کہ اس چینل نے جیو نیوز کے خلاف مہم اسلام کی خدمت کے لیے نہیں بلکہ لوگوں کو جیو کے خلاف مشتعل کرنے کے لیے چلائی۔ اے آر وائی چینل پر اسلام کی توہین پر مبنی جو ویڈیوز چلائی گئیں وہ ہمارے پاس بھی موجود ہیں، لیکن ہم نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ ویڈیوز نہیں چلائیں۔ کاش اے آر وائی اور اس کے اینکر مبشر لقمان بھی اسی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے طرز عمل پر نظرثانی کر سکتے۔ یادرہے کہ اسی اینکر نے چھ ماہ سے جنگ گروپ اور جیو کے خلاف مہم چلائی ہوئی ہے۔ اس کے خلاف کورٹ کی جانب سے وارنٹ بھی جاری ہوچکے ہیں جبکہ اس کی ایک درخواست، کوئی ثبوت پیش نہ کیے جانے کے سبب خارج کی جاچکی ہے۔ مبشر لقمان نے کئی مرتبہ کہاہے کہ وہ جیو کومالی نقصان پہنچانا چاہتاہے اور بندکرانا چاہتاہے جبکہ جیونے مبشر لقمان کو چیلنج کیا ہواہے کہ وہ ایک الزام بھی ثابت کردیں توہم چینل خود بندکردیں گے۔