20 مئی ، 2014
کراچی…محمد رفیق مانگٹ… ایک امریکی شہری نے کتے کے کاٹنے پر نیویارک شہر پر دوundecillion ڈالر کا مقدمہ دائر کردیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکی شہری انٹون پیوری سیما کو ایک کتے نے کاٹ لیا تھا جس پر 62سالہ اس شخص نے جتنی رقم کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا، وہ اس کرہ ارض میں اس سے پہلے کبھی نہیں کیا گیا۔مقدمے میں 2,000,000,000,000,000,000,000,000,000,000,000,000 ڈالر کا دعویٰ دائر کیا گیا۔ اتنی بڑی رقم کے لئے اردو اور کئی دیگر زبانوں میں کوئی اصطلاح کا وجود نہیں ، تاہم انگریزی میں اسے Undecillion کہا جاتا ہے جس میں دو کے ساتھ36زیرو لگائے گئے ہیں،اتنے بھاری معاوضے کا کبھی تصور بھی نہیں کیا گیا جس کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔اس کے مقدمے میں پورے نیویارک شہر سمیت دیگر مدعا علیہان کی ایک طویل فہرست ہے جن میں نیویارک ٹرانزٹ اتھارٹی،کئی اسٹور،ایک ایئر پورٹ،کتے کا مالک،کئی ہیلتھ اہلکار اور ہزاروں دیگر ادرے اور افراد شامل ہیں۔ ہاتھ سے لکھے22صفحات کا مقدمہ گیارہ اپریل کو مین ہٹن فیڈرل کورٹ میں دائر کیا گیا اوروہ خود ہی مقدمے کی نمائندگی کر رہا ہے۔ اس نے مقدمے میں لکھا کہ ایک سٹی بس میں باوٴلے کتے نے اسے کاٹ لیا اور اس کے ہاتھ کی درمیانی انگلی شدید متاثر ہوئی، جب وہ ایک مقامی اسپتال میں اس کا علاج کروا رہا تھا تو ایک چینی جوڑے نے بغیر اجازت اس کی تصاویر لیں۔