انٹرٹینمنٹ
04 جون ، 2014

ڈیلس میں فن ایشیا انٹرٹینمنٹ کے تحت سونونگم میوزیکل کنسرٹ

ڈیلس میں فن ایشیا انٹرٹینمنٹ کے تحت سونونگم میوزیکل کنسرٹ

ڈیلس …راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ خصوصی…ڈیلس میں فن ایشیا انٹرٹینمنٹ کی جانب سے انڈیا کے معروف گلوکار سونونگم کا میوزیکل کنسرٹ ایلن ایونٹ سینٹر میں منعقد کیا گیا ،کنسرٹ کے موقع پر ہال لوگوں سے کھچا کھچ بھر گیا اور مذکورہ شو ایک بھرپور اور شاندار شو تھا جس میں بھارتی‘ پاکستانی اور ساؤتھ ایشین ممالک کے باشندوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر گلوکار سونونگم نے اپنے معروف فلمی گانے پیش کئے جن میں بھنگڑا اور اُداس گانوں سے لے کر ہر قسم کے گانے شامل تھے انہوں نے اپنے معروف گیت جب پیش کئے تو ہر طرف سے تالیوں اور سیٹیاں بجا کر لوگوں نے ان کے گانوں پر داد تحسین پیش کی۔ انہوں نے جب مذکورہ گانے ”کل ہو نہ ہو‘ میرے ہاتھ میں‘ میں نے جس کو چاہا‘ مجھ کو نیند آ رہی ہے‘ کبھی الوداع نہ کہنا‘ دھیرے دھیرے سپنوں کی دنیا بسا جا‘ دل مانگتا ہے آ جا سہونیے‘ ماہی وے سونہیے آ جا سوہنی والے“ جبکہ ان کے ساتھ آنے والے دیگر ڈانسروں اور گلوکاروں نے بھی ان کے ہمراہ بھرپور فن کا مظاہرہ کیا اور وہاں بیٹھے ہوئے لوگوں کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔ مذکورہ میوزیکل کنسرٹ 5 گھنٹے تک جاری رہا جس میں آنے والے لوگوں نے بھرپور طریقے سے انجوائے کیا۔ اس موقع پر فن ایشیا انٹرٹینمنٹ کے مالکان ڈاکٹر فرخ حامد‘ جان حامد‘ شارق حامد نے عوام الناس کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بھرپور طریقے سے اس شو میں شرکت کی۔ انہوں نے کہاکہ فن ایشیا انٹرٹینمنٹ ساؤتھ ایشین کمیونٹی کیلئے وقتاً فوقتاً اچھے اور بہترین تفریحی پروگرام پیش کرتا رہے گا۔ اس موقع پر گلوکار سونونگم نے مختلف انداز میں دیگر گلوکاروں اور اداکاروں کی پیروڈی بھی پیش کی۔ اس میوزیکل کنسرٹ میں انڈیا کی معروف اداکارہ میناکشی شیشادری بھی حاضرین میں موجود تھیں جنہوں نے بھی اس میوزیکل کنسرٹ میں بھرپور انجوائے کیا اور سونونگم کو دادِ تحسین دی۔

مزید خبریں :