05 جون ، 2014
لاہور… قومی کرکٹرز کا ایک ماہ طویل سمر کیمپ لاہور میں ختم ہو گیا ،نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم کا کہنا ہے کہ کیمپ کے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ سینئر کھلاڑیوں کو علم ہے کہ ان کی کرکٹ کتنی باقی ہے۔ قومی کرکٹرز نے سمر کیمپ میں صبح و شام کے سیشن میں زیادہ تر فزیکل فٹنس پر زور دیا۔آغاز کی طرح کیمپ کے اختتام پر کھلاڑیوں کے فٹنس اور میڈیکل ٹیسٹ ہوئے۔ہیڈ کوچ نیشنل کرکٹ اکیڈمی محمد اکرم کا کہنا ہے کہ کیمپ کو سینئر اور جونیئر نے خوب انجوائے کیا، فٹنس لیول بہتر ہوا ہے۔ انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ اگر جو کھلاڑی چالیس کا ہے تو وہ دو تین برس ہی کھیل سکتا ہے۔فٹنس اور پرفارمنس پر ہی کھلاڑیوں کا انتخاب ہو گا۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ڈائریکٹر ہارون رشید نے کہا کہ سمر کیمپ ورلڈ کپ 2015 کی تیاریوں کا حصہ ہے، اکیڈمی میں مزید پروگرام بھی شروع کئے جارہے ہیں۔محمد اکرم نے بتایا کہ ستمبر میں ہونے والے فٹنس ٹیسٹ کے بعد جہاں جرمانے ہوں گے، وہاں فٹنس کا معیار حاصل کرنے والوں کو مراعات بھی ملیں گی۔