09 جون ، 2014
کراچی ائیرپورٹ پر گزشتہ رات حملے میں دہشت گرد کب ،کس طرح اور کہاں سے ائیرپورٹ میں داخل ہوئے؟کہاں کہاں چھپے ؟کن مقامات پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا؟ ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے کی اندر ونی کہانی کے مطابق 11بجکر09 منٹ پر پانچ دہشت گردوں کا پہلا گروہ اے ایس ایف کی وردی میں ہائی ایس سے اترا۔ اندھا دھند فائرنگ کرتا ہوا فوکر گیٹ سے ائیرپورٹ میں داخل ہوا۔ حملے میں اے ایس ایف کے 3اہلکار اور پی آئی اے کے 2ملازمین موقع پر جاں بحق ہوگئے۔11بجکر10 منٹ پر دہشت گردوں کا یہ گروہ ایپرینٹ میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ 11بجکر13 منٹ پر دہشت گردوں کا دوسرا گروہ حج ٹرمینل کے برابر ٹی جی ایف گیٹ پر معمولی مزاحمت کےبعد ائیرپورٹ کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ 11بجکر17 منٹ پر اے ایس ایف کی دوسری دفاعی لائن متحرک ہوگئی اور دہشت گردوں کو آگے بڑھنے سے روکا۔ 11بجکر20 منٹ پر اے ایس ایف کی ریپڈ رسپانس فورس نے دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کیا۔11بجکر22 منٹ پرفوکر گیٹ سے داخل ہونے والے دہشت گردوں کو ریپڈ رسپانس فور س کے اہلکاروں نے پی آئی اے کے لائن منٹینس ہنگر میں محصور کرکے آگے بڑھنے سے روک دیا۔ اسی دوران پان منڈی گیٹ سے داخل ہونے والے دہشت گردوں کو کارگو ٹرمینل محصور کردیا گیا۔ 11بجکر43 منٹ پر کراچی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بند کرکے پروازوں کو متبادل ائیرپورٹس پر اتار گیا۔ 11بجکر54 منٹ پر انجینئرنگ بلڈنگ اور اصفہانی ہنگر میں دہشت گرد داخل ہوئے ۔12بجکر15 منٹ پر پاک فوج کے جوانوں نے ائیرپورٹ کا کنٹرول سنبھال لیا اور دہشت گردوں سے منٹینس بلڈنگ میں مقابلہ کیا۔ رات 2 بجے دو دہشت گردسکیورٹی فورسز سے مقابلے میں ہلاک ہوئے جن کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہو ا۔اس دوران اولڈ ائیرپورٹ دھماکوں اور فائرنگ کی آواز سے گونجتا رہا۔ رات 3بجے ایک گرفتار دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ حملے میں ایک پولیس اہلکار بھی شہید ہوا۔ 3بجکر 09منٹ پر اولڈ ایئر پورٹ کے رن وے پر فائرنگ اور دھماکوں کے بعد وہاں کھڑے طیاروں کے نزدیک آگ لگ گئی۔ علی الصبح چار بجے سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کے گرد گھیرا تنگ کرکے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ جس کے بعد آپریشن آخری مراحل میں داخل ہوا۔4بجکر20منٹ پرمزید دو دہشت گرد سکیورٹی فورسز کا نشانہ بنے اور مارے گئے۔ ڈی جی رینجرز میجرجنرل رضوان اختر کے مطابق ساڑھے چار بجے آپریشن مکمل کرلیا گیا۔ جس کے بعد ائیرپورٹ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں سوئپنگ کا عمل کیا گیا جوپیر کو صبح سوا دس بجے تک جاری رہا ۔ صبح 11 بج کر 45 منٹ پر آئی ایس پی آر نے ائیرپورٹ کو مکمل طور پرکلیئر قرار دے دیا۔