09 جون ، 2014
کراچی........آئی جی سندھ اقبال محمود نے کہا ہے کہ کراچی ایرپورٹ پر حملے کے دوران دہشت گردوں نے پی آئی اے کے 300ملازمین کو یرغمال بنا لیا تھا ، حملہ آوروں نے کالے کپڑے اور جوگرز پہن رکھے تھے۔ وزیر اعلیٰ ہاوس کراچی میں میڈیا سے گفت گو میں آئی جی سندھ نے بتایا کہ کراچی ایرپورٹ پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف پولیس، رینجرز، پاک فوج اور ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس نے مشترکہ کارروائی کی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ حملہ آوروں نے پی آئی اے کے تین سو ملازمین کو یرغمال بنا لیا تھا جنہیں پولیس اورسیکیورٹی اہلکاروں نے چھڑایا۔ اقبال محمود کا کہناتھا کہ حملہ آور 11بج کر 5منٹ پر فوکر گیٹ کے راستے سے داخل ہوئے،انہوں نے کالے کپڑے اورجوگرز پہنے ہوئے تھے، حملہ آور چہرے سے غیر ملکی لگتے ہیں تاہم ان کا ڈی این اے کرایا جا رہا ہے۔