پاکستان
09 جون ، 2014

رات بھر ایئرپورٹ پر نگرانی کی، وزیر داخلہ نے رابطہ نہیں کیا،قائم علی شاہ

رات بھر ایئرپورٹ پر نگرانی کی، وزیر داخلہ نے رابطہ نہیں کیا،قائم علی شاہ

کراچی.........وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی اولڈ ایئرپورٹ پر دہشت گردوں نے بھرپور منصوبہ بندی سے حملہ کیا، سیکورٹی اداروں کی بروقت کاروائی سے وہ جناح ٹرمینل تک نہیں پہنچ سکے۔ انہوں نے شکایت کی کہ انہوں نے پوری رات ایئرپورٹ پر بیٹھ کر آپریشن کی نگرانی کی لیکن وفاقی وزیر داخلہ نے ان سے رابطہ تک نہیں کیا۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی میں وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن، سید اویس مظفر اور آئی جی سندھ کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں سید قائم علی شاہ نے کہا کہ حملہ آور انتہائی تربیت یافتہ تھے لیکن سیکورٹی فورسز نے انہیں محدود کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کافی عرصے سے خطوط آ رہے تھے کہ دہشت گرد سندھ میں آ رہے ہیں اور یہاں دہشت گردی کی منصوبہ کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت غافل نہیں ہے اور انہوں نے دہشت گردوں کو شکست دینی ہے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ پوری رات آپریشن چلتا رہا لیکن وفاقی وزیر داخلہ نے ٹیلی فون پر بات تک نہیں کی۔سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ سیکورٹی اداروں نے دہشت گردوں کو محدود کر دیا اور آپریشن چار سے پانچ گھنٹے تک جاری رہا۔

مزید خبریں :