پاکستان
13 جون ، 2014

الطاف حسین کا پرویز مشرف کو فون،عدالتی فیصلے پر مبارکباد پیش

الطاف حسین کا پرویز مشرف کو فون،عدالتی فیصلے پر مبارکباد پیش

لندن .......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے جمعرات کی شام کراچی فون کرکے سابق صدر جنرل پرویز مشرف کو ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے ان کا نام نکالے جانے کے عدالتی فیصلہ پر مبارکباد پیش کی ۔ الطاف حسین نے کہاکہ عدالت کا یہ فیصلہ حق کی فتح ہے اور آپ کے وکلاء کی ٹیم نے جس دلجمعی سے آپ کا مقدمہ لڑا ہے اس پر وہ زبردست خراج تحسین کی مستحق ہے۔ انہوں نے جنرل پرویز مشرف سے کہاکہ آپ کی والدہ کی علالت کی اطلاعات پر مجھے سخت تشویش ہے ، میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں صحت دے اور جلد سے جلد آپ کی ان سے ملاقات ہو۔ سابق صدر نے الطاف حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اصولوں اور حق وسچ کی بنیاد پر جس طرح آپ نے اور آپ کی جماعت نے مجھے انصاف دلوانے کیلئے آواز بلند کی ہے اس پر میں آپ کا شکرگزار ہوں۔ انھوں نے الطا ف حسین سے کہاکہ لندن میں آپ کی حراست پر آپ نے اورآپ کی جماعت نے جس طرح صبروتحمل کا مظاہرہ کرکے امن قائم رکھا اور شدید گرمی میں کراچی سمیت درجنوں مقامات پر جمع ہوکر آپ سے یکجہتی کامظاہرہ کیا اس کی جس قدر تعریف کی جائے وہ کم ہے ۔دریں اثنا ایم کیو ایم یوکے کے زیراہتمام ہفتہ کو الطاف حسین کی رہائی پریوم تشکر اوراے ایم ایس اوکے 36ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں ایک اجتماع منعقد کیاجائے گا۔ یہ اجتماع ایجویئرمیں ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ کے قریب واقع سنگم کمیونٹی سینٹر210برنٹ اوک بروڈوے( پوسٹ کوڈ HA8 0AP ) میں لندن کے مقامی وقت کے مطابق شام چھ بجے منعقد کیاجائے گا۔ دریں اثناء ایم کیوایم یوکے کی آرگنائزنگ کمیٹی نے تمام کارکنوں او رہمدردوں سے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعدادمیں اس تقریب میں شرکت کریں۔

مزید خبریں :