انٹرٹینمنٹ
20 جون ، 2014

ڈیلس میں فن ایشیا کے تحت طاہرہ سید کے ساتھ شام غزل منائی گئی

ڈیلس میں فن ایشیا کے تحت طاہرہ سید کے ساتھ شام غزل منائی گئی

ڈیلس .....راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ خصوصی..... پاکستان کی معروف کلاسیکل گلوکارہ طاہرہ سید نے ڈیلس میں فن ایشیا انٹرٹینمنٹ کے تعاون سے ریچڈسن میں منعقدہ ایک شامِ غزل کے پروگرام میں اپنے بھرپور فن کا مظاہرہ کیا جس میں شہر کے عمائدین‘ ادبی شخصیات اور مختلف مکتب فکر کے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی والدہ کی شہرہ آفاق غزلیں اور اپنی جانب سے گائی گئی مختلف غزلیں سامعین کے سامنے پیش کیں۔ طاہرہ سید نے اس موقع پرموجود حاضرین کی فرمائش کو بھی پورا کرتے ہوئے اپنے فن کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مختلف راگ پر مبنی کئی گیت‘ غزلیں جب پیش کیں تو وہاں موجود افراد سحر زدہ رہ گئے۔ اپنی منفرد گائیکی کے ذریعے انہوں نے ڈھائی گھنٹے تک مسلسل اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ ہال میں موجود افراد آخری وقت تک ان کی جانب سے پیش کردہ گیت اور غزلیں سن کر محظوظ ہوتے رہے اور ان کو زبردست داد تحسین دیتے رہے۔ اس موقع پر ان کے میزبان اور ریاست ٹیکساس کے شہر پیرس کے میئر ڈاکٹر ارجمند ہاشمی بھی موجود تھے جبکہ حاضرین کی ایک بڑی تعداد نے ان کو شاندار پرفارمنس پر داد تحسین دی۔ آنے والے افراد کا کہنا تھا کہ امریکا میں ایسی غزل کی محفلیں ان کے لئے کسی تحفے سے کم نہیں۔ اس موقع پر انہوں نے آخر میں اپنی والدہ کی شہرہ آفاق غزل ’’ابھی تو میں جوان ہوں‘‘ پیش کی۔ پروگرام کے آخر میں فن ایشیا کے مالک ڈاکٹر فرخ حامد اور شارق حامد نے معروف گلوکارہ طاہرہ سید کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنی بے پناہ مصروفیات سے وقت نکال کر ڈیلس کے عوام کو تفریح کا موقع فراہم کیا جس پر وہ اور ڈیلس کے عوام ان کے شکر گزار ہیں۔

مزید خبریں :