24 جون ، 2014
ریوڈجنیریو....ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ اسٹار فٹ بالر لیونل میسی 24جون کو اپنی 27ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔24جون 1987کو ارجنٹائن کے ساحلی علاقے روزیریو میں جارج آندریز میسی کے گھر پیدا ہونے والے لیونل میسی نے فٹ بال کے کھیل کو ایک نئی جہت عطا کی جس کے نتیجے میں فٹ بال محض ایک کھیل ہی نہیں رہا بلکہ ایک فن کی شکل اختیار کر گیا۔میسی کے والدین کا تعلق ایک غریب گھرانے سے تھا جہاں بھوک و افلاس نے اپنے ڈیرے جما رکھے تھے۔میسی کے والد ایک فیکٹری میں مزدوری کرتے تھے جبکہ والدہ بھی کلینر کے طور پر کام کرکے خاندان کی کفالت میں اپنا حصہ ڈالتی رہیں۔میسی بچپن ہی سے فٹ بال کی طرف راغب تھا جس کی وجہ سے وہ اپنے اسکول کا زیادہ تر وقت کلاس روم میں گزارنے کے بجائے فٹ بال گرائونڈ میں گزارتے تھے۔فٹ بال کلب سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے لیونل میسی کا شمار دنیائے فٹ بال کے اول درجے کے کھلاڑیوں میں کیا جاتا ہے ۔فٹ بال کی دنیا کے کئی اعزازات اپنے نام کرنے والے لیونل میسی کو آج دنیا کے سب سے قیمتی فٹ بالر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے جہاں ان کی آمدنی کئی ملین ڈالر ہے۔