25 جون ، 2014
پشاور......پشاور کا ایئرپورٹ قبائلی علاقے خیبر ایجنسی سے صرف چند کلومیڑکے فاصلے پر ہے۔ باچاخان انٹرنیشنل ائرپورٹ پشاور کینٹ کے انتہائی حساس علاقے میں واقع ہے۔ تاہم یہ خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ سے بھی انتہائی قریب ہے۔ اس ائرپورٹ کی سکیورٹی ماضی بعیدکے برعکس ماضی قریب میں اس وقت انتہائی اہمیت اختیار کر گئی جب نائن الیون کے امریکی حملے کے بعد پاکستان کی قبائلی ایجنسیوں میں شدت پسندوں کے خلاف سکیورٹی فورسزنے وقتاًفوقتاً کارروائیاں شروع کر دیں۔ گزشتہ چند سالوں کے دوران درجنوں راکٹ حملے ہوئے ہیں۔ جس سے ائرپورٹ کی املاک کو نقصان پہنچا لیکن اے این پی دور حکومت میں دسمبر 2012کی آدھی رات کو ہونے والا حملہ باچاخان انٹرنیشنل ائرپورٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا حملہ تھا۔ دھماکے اور راکٹوں سےحملوں کے بعد پورا علاقہ فائرنگ سے گونج اٹھا۔ یہ پشاور ائرپورٹ پر سب سے بڑا اور منظم حملہ تھا جسے سکیورٹی فورسز نے ناکام بنادیا۔