12 اپریل ، 2012
پشاور … جمعیت علمائے اسلام س کے سربراہ اور دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ افغانستان میں نیٹو افواج کو رسد کی بحالی ملک وقوم سے غداری کے مترادف ہے۔ وہ المرکز اسلامی پشاورمیں پریس کانفرس سے خطاب کر رہے تھے۔ مولاناسمیع الحق کا کہنا تھا کہ سلالہ چیک پوسٹ پر حملے اور امریکی افواج کو رسد کی بندش کے بعد اب موقع ہے کہ حکومت امریکی تعاون سے دستبردارہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ رسد کی بحالی سے نیٹو سپلائی پر حملوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوجائے گا اورامریکا کو پاکستان میں مداخلت کا جواز ملے گا۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ پارلیمنٹ نیٹو سپلائی کے حوالے سے ملک وقوم کی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم ملک کے دفاع کیلئے متحد ہے، یہ وقت نمبر اسکورنگ کا نہیں ہے، بلکہ پاکستان کے دفاع کیلئے پوری قوم کو اٹھنا ہوگا۔