انٹرٹینمنٹ
30 جون ، 2014

مسلم ڈیموکریٹک کاکس کے تحت ڈیلس میں کلچرل شو کا انعقاد

مسلم ڈیموکریٹک کاکس کے تحت ڈیلس میں کلچرل شو کا انعقاد

ڈیلس .....راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ خصوصی...... امریکا میں برسراقتدار ڈیموکریٹک پارٹی کا تین روزہ اسٹیٹ کنونشن ڈیلس ڈائون ٹائون میں منعقد ہوا جس میں ریاست ٹیکساس کی تمام کائونٹیوں سے پارٹی کے منتخب مندوبین نے شرکت کی۔ کنونشن کی افتتاحی تقریب ڈیموکریٹک پارٹی کی ذیلی تنظیم مسلم ڈیموکریٹک کاکس کی جانب سے منعقد کی گئی جس میں کلچرل شو سمیت دیگر رنگا رنگ پروگرام پیش کئے گئے۔ ڈیموکریٹک پارٹی نے خصوصی طور پر مسلمانوں کی ذیلی تنظیم کو افتتاحی تقریب کی میزبانی کا اس لئے موقع فراہم کیا تاکہ ریاست کے تمام شہروں سے آنے والے پارٹی رہنمائوں کو قریب سے مسلمانوں کا کلچر دیکھنے اور سمجھنے کا موقع فراہم کیا جا سکے جبکہ میڈیا اور ٹی پارٹی کی جانب سے غلط پروپیگنڈے کی وجہ سے مقامی امریکیوں کے ذہنوں میں پائے جانے والے ابہام کو دور کیا جا سکے۔ مسلم ڈیموکریٹک کاکس کی جانب سے مذکورہ پروگرام کو بھرپور رنگا رنگ طریقے سے پیش کیا گیا جبکہ ثقافتی مصنوعات کی نمائش کے ساتھ ساتھ پاکستان‘ فلسطین (عرب)‘ افریقہ سمیت کئی دیگر ممالک کے معروف ڈانس اور بھنگڑے بھی پیش کئے گئے جن میں آنے والے افراد نے بھی بھرپور طریقے سے حصہ لیا۔ اس طرح یہ پروگرام ایک پارٹی کی صورت اختیار کر گیا۔ ثقافتی پروگرام سے قبل مسلم ڈیموکریٹک کاکس کے رہنمائوں سید فیاض حسن‘ آفتاب صدیقی نے حاضرین سمیت پارٹی کے چیئرمین گلبرٹو نہیی ہوزے اور کانگریس مین مارک ویسی کا شکریہ ادا کیا۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین گلبرٹو نہیی ہوزے نے اس موقع پر کامیاب پروگرام پیش کرنے پر مسلم کاکس کے رہنمائوں کی تعریف کی انہوں نے کہاکہ ڈیموکریٹک پارٹی امریکہ میں متوسط طبقے کے عوام کی حقیقی پارٹی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس پارٹی کے ذریعے ہی تبدیلی کے خوابوں کو ممکن بنایا جا سکا ہے۔ اس موقع پر امریکی کانگریس کے رکن مارک ویسی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریاست ٹیکساس کے عوام صحت کی بنیادی سہولیات سے فائدہ اس لئے نہیں اُٹھا سکتے کہ ریاست میں ری پبلیکن گورنر موجود ہے جس نے اس صحت پالیسی پر عملدرآمد سے انکار کر دیا ہے یہی وجہ ہے کہ عوام اس وجہ سے مزید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاست ٹیکساس میں حقیقی تبدیلی کا خواب اُس وقت ہی شرمندہ تعبیر ہو گا جب وینڈی ڈیوس یہاں کی گورنر منتخب ہوں گی ۔انہوں نے کہاکہ ریاست ٹیکساس ایسی تبدیلی کا بے چینی سے عرصہ دراز سے منتظر ہے۔ مذکورہ تقریب میں عوام الناس کی معلومات کیلئے پاکستان کی ثقافت پر مبنی اسٹال پاکستان امریکن ایسوسی ایشن (PAAT) کی جانب سے لگایا گیا تھا جبکہ دیگر اور عرب ممالک کی ثقافتوں اور صوفیوں کے رہن سہن سے متعلق مختلف اسٹالز بھی لگائے گئے تھے جن میں مختلف شہروں سے آنے والے مندوبین نے گہری ظاہر کی۔ تقریب میں پاکستان کرسچئن کلچرل سوسائٹی کے رہنماء جاوید سموئیل‘ ان کی اہلیہ ارم گل اور بختاور نے ہارمونیم‘ ستار اور طلبے کی دھن پر ’’سوہنی دھرتی اللہ رکھے‘‘ سمیت مختلف قومی و ملی نغموں کی دھنیں پیش کیں جبکہ نائیجیریا کے مسلمانوں نے افریقی ڈانس پیش کیا۔ تاہم عرب ممالک اور فلسطینی نوجوانوں کی طرف سے پیش کئے جانے والے ڈانس کو آنے والے مندوبین نے بے حد سراہا اور کئی اعلیٰ و سول حکام بھی اس ڈانس میں شامل ہو کر بے خود ہو کر ڈانس کرنے لگے۔ کنونشن کے دوسرے روز پارٹی میں اعلیٰ عہدوں اور کانگریس و سینیٹ و ججز کے عہدوں کیلئے کامیاب اُمیدواروں کا کنونشن میں اعلان کیا گیا جو کہ آنے والے نومبر 2014ء کے انتخابات میں پارٹی ٹکٹ پر انتخاب لڑیں گے۔ دوسری جانب مسلم ڈیموکریٹک کاکس نے بھی اپنا ایک اجلاس منعقد کیا جس میں ڈیموکریٹک پارٹی کے ٹکٹ حاصل کرنے والے اُمیدواروں نے خطاب کیا جبکہ اس موقع پر مسلم ڈیموکریٹک کاکس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا چنائو بھی کیا گیا جس میں مندرجہ ذیل رہنمائوں کو دو سال کیلئے بورڈ کا ڈائریکٹر منتخب کیا گیا جن میں سید فیاض حسن آفتاب صدیقی‘ عماد سلیم‘ امیر علی مکھانی‘ راجہ زاہد اختر خانزادہ‘ ملیسا واکر‘ عامر رحمان‘ طارق جعفری اور دیگر شامل ہیں۔ ریاست ٹیکساس میں ہونے والا یہ کنونشن تین روز تک مقامی میڈیا میں بھی چھایا رہا۔ ایک اندازے کے مطابق اس کنونشن میں 12 ہزار سے زائد مندوبین نے شرکت کی۔ اس طرح تین روز تک ڈیلس شہر کے ڈائون ٹائون میں میلے کا سا سماں رہا۔ مسلم ڈیموکریٹک کاکس کے رہنماء سید فیاض حسن‘ آفتاب صدیقی‘ راجہ زاہد اختر خانزادہ‘ عماد سلیم اور دیگر نے اس موقع سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے مسلمان کمیونٹی کے مسائل اربابِ اختیار کو بتائے جبکہ بورڈ کے نومنتخب ڈائریکٹر راجہ زاہد اختر خانزادہ نے ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے گورنر کے عہدے کی اُمیدوار سینیٹر وینڈی ڈیوس‘ کانگریس ویمن ایڈی برنیس جانس کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کیا۔ مسلم ڈیموکریٹک کاکس کے رہنمائوں نے کانگریس کے دیگر اراکین کانگریس ویمن شیلا جیکسن لی‘ کانگریس مین مارک ویسی‘ اٹارنی جنرل‘ پولیس شیرف اور ججز سے بھی ملاقاتیں کیں جنہوں نے مسلم رہنمائوں کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

مزید خبریں :