09 جولائی ، 2014
اسلام آباد........محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں کا دوسرا سلسلہ اگلے ہفتے سے شروع ہونے کی پیش گوئی کی ہے، بالائی علاقوں کےساتھ کراچی میں بھی بارش برسے گی ، موسم کامزیدحال جانتے ہیں ۔جولائی شروع ہواتو ساون بھی دبےپاوں چلا آیا۔ٹھنڈی ہوا، بارش سب اچھاہوگیالیکن پھربارش روٹھ گئی اورڈیرےجمالیےگرمی اورحبس نے۔محکمہ موسمیات کہتاہےکہ پاکستان سمیت جنوبی ایشیاء میں مون سون بارشیں کمزورپڑگئی ہیں ، اسی لیےتوبارش جم کرنہیں برستی ۔ میدانی علاقوں میں گرمی عروج پر ہے ۔محکمہ موسمیات کہتا ہے کہ اگلے چندروز کےدوران میدانی اور شمالی علاقوں میں موسم بددستور گرم ہی رہے گا۔ شمالی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے سے گلیشئرزپگھلنے کےعمل میں تیزی آئے گی اورتربیلا ڈیم میں پانی کی آمد بڑھ جائےگی ۔ اچھی خبریہ ہے کہ اگلے ہفتے بالائی علاقوں میں مون سون بارشوں کا دوسرا سلسلہ شروع ہوجائےگا۔ اہلِ کراچی بھی خوش ہوجائیں ۔ کراچی سمیت زیریں سندھ میں بھی اس دوران مون سون بارش برسے گی۔گرمی سے تنگ اسلام آباد کے شہریوں کے لئے یہ اچھی خبر یہ ہے کہ اگلے دو روز کے دوران راول پنڈی، اسلام آباد سمیت خطہ پوٹھوہار میں کہیں کہیں بارش کی توقع ہے۔