11 جنوری ، 2012
واشنگٹن …جنگ نیوز… امریکا اور فرانس نے بیرونی طاقتوں کو شام کی موجودہ صورتحال کا ذمہ دار ٹھہرانے پر صدر بشارالاسد کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے امریکی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے کہا ہے کہ صدر بشارالاسدنے اپنے خطاب میں شام کی موجودہ صورتحال کو بیرونی سازش کا نتیجہ اور اپنے آپ اورشام کی سیکیورٹی فورسز کو بری الذمہ قرار دیا ہے جو سراسر غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر بشارالاسد کے خطاب سے امریکہ کے اس موقف کو تقویت ملتی ہے کہ انہیں اقتدار سے علیحدہ ہوجانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ صدر بشارالاسد شام کو صحیح سمت میں لے جانے کے اہل نہیں۔ دوسری جانب پیرس میں فرانس کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ شام میں بشارالاسد کا خطاب حقائق سے منحرف ہونے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر بشارالاسد کی حکومت ملک میں فسادات کو فروغ دینے اورمختلف جماعتوں میں تناؤ پیدا کرنے کی ذمہ دار ہے۔