14 جولائی ، 2014
قاہرہ .........قاہرہ میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا جس میں عالمی برادری سے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت رکوانے اور غزہ کے شہریوں کو عالمی تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی گئ۔ 7 روز میں 172 افراد اسرائیل کے ظلم کا شکار ہو گئے جبکہ 1200سے زائد افراد زخمی ہیں۔فلسطین میں معصوم جانوں کے ضیاع اور اسرائیل کی بڑھتی ہوئی خونی کارروائیوں پر مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی گئی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ غزہ کے نہتے شہریوں پر اسرائیل کے ظالمانہ حملے بند کرائے جائیں اور فلسطینیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ ادھر یورپی یونین نے بھی غزہ میں فوری جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔ دوسری طرف عالمی دباؤ اور دنیا بھر میں اسرائیل مخالف مظاہروں کے باوجود اسرائیل نے اپنی ہٹ دھرمی قائم رکھی اور ساتویں روز بھی غزہ پر حملے کیے جس میں 5 فلسطینیوں کو شہید کیا گیا جبکہ اسرائیلی دھمکیوں کے بعد ہزاروں افراد اپنا گھر بار چھوڑ کر دوسرے علاقوں میں منتقل ہورہے ہیں۔