16 جولائی ، 2014
اسلام آباد.......نون لیگ کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے آج انکشاف کیا ہے کہ حکومت کو درپیش مسائل کی اصل وجہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سازشوں کا سبب مشرف کے خلاف کارروائی کا فیصلہ ہے، آج اگر کہہ دیں کہ ڈکٹیٹر کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لارہے تو مطلع صاف ہوجائے گا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اس وقت جو حشر برپا ہے اس کے پیچھے پرویز مشرف کے دوست ہیں اور سازشیں وہی کر رہے ہیں جو پرویز مشرف کو مکھن سے بال کی طرح نکالنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے معاملے پر ماضی میں کوئی ڈیل کی اور نہ کسی معاہدے کا حصہ تھے،اگر مؤقف سے پیچھے ہٹنا اور پرویز مشرف کو چھوڑناہے تو آئین میں ترمیم کر لیں، پھر ایک قانون ڈکٹیٹرز کے لیے بنا لیں اور دوسرا سیاست دانوں اور عام شہریوں کے لیے۔ احسن اقبال نے کہا کہ کچھ سیاسی رہ نما جمہوری نظام کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں، عمران خان ایک سال بعد دھاندلی کا ڈرامہ رچا رہے ہیں لیکن مسئلہ کوئی اور ہے، وہ بتائیں کہ لندن میں کس سے ملاقاتیں کرتے ہیں؟احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے پہلے دن سے آپریشن ضرب عضب کو قبول نہیں کیا، وہ اور طاہر القادری اپنے اعلانات پر نظر ثانی کریں،جہاں الیکشن کو 14ماہ گزر گئے وہاں عمران خان ایک ماہ بعد آزادی مارچ کر لیتے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی نے عمران خان کو چیلنج کیا ہے کہ 4 ارب روپے میں راولپنڈی کی طرز پر پشاور میں میٹرو بس منصوبہ بنا دیں تو وہ ہمیشہ کے لیے سیاست چھوڑ دیں گے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت جب بڑے منصوبوں پر کام شروع کرتی تو اسے روکاجاتا ہے۔وزیراعظم عنقریب جمہوری رہ نماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سحراورافطارمیں بجلی دینابھی چاہیں تونہیں دےسکتے،ٹرانسمیشن لائن15ہزارمیگاواٹ سےزیادہ بجلی دینےکی صلاحیت ہی نہیں رکھتی،15ہزارمیگاواٹ بجلی فراہم کریں توٹرانسمیشن لائنزٹرپ ہوجاتی ہیں،گزشتہ15سال سےٹرانسمیشن لائنز بہترکرنےکےلیےکچھ نہیں کیاگیا،20ہزارمیگاوٹ بجلی پیدابھی کرلیں توتقسیم کیسےکریں گے؟وفاقی وزیرترقی ومنصوبہ بندی احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ نئی ٹرانسمیشن لائن ایک سال میں نہیں بچھاسکتے۔