17 جولائی ، 2014
بنوں......بنوں میں مختلف تنظیموں کی جانب سے شمالی وزیرستان کے متاثرین کو امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے ۔ متاثرین کے پاس موجود نان کسٹم پیڈ گاڑیاں بھی عارضی طور پر رجسٹرڈ کی جارہی ہیں۔ آج دن بھر بنوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی جس سے موسم خوش گوار ہوگیا۔شمالی وزیرستان سےنقل مکانی کرکےبنوں آنے والےرجسٹرڈ خاندانوں کی تعداد 91 ہزار 97 ہوگئی۔ متاثرین میں خواتین اور بچوں سمیت 9لاکھ 94ہزار 504 افراد کی رجسٹریشن کی جاچکی ہے۔ متاثرین کی امداد کے لیے پیپلزپارٹی کی جانب سے 52 ٹرک راشن لے کر آج بنوں پہنچے ہیں ۔قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف خورشید شاہ اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو خود متاثرین میں امداد تقسیم کرنی تھی تاہم خراب موسم کے باعث ان کا دورہ بنوں ملتوی کردیا گیا۔ بحریہ ٹاؤن کی طرف سےمتاثرین کیلئے روزانہ افطار دسترخوان کا اہتمام کیاجاتا ہےجہاں بڑی تعدادمیں متاثرین افطارکرتےہیں ۔ آج صبح بنوں میں موسلادھار بارش ہوئی تو دو ماہ سے جاری شدید گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔موسم خوشگوار ہوا تو متاثرین اور بنوں کے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ۔ دوسری جانب متاثرین شمالی وزیرستان کے پاس موجود ہزاروں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو عارضی طور پر رجسٹرڈ کیا جارہا ہے۔ضلع میں تمام تھانوں کی حدود میں مقیم متاثرین کو پولیس کے ذریعے مطلع کیا گیا ہے کہ وہ ٹریفک پولیس کے پاس اپنی گاڑیوں کی عارضی رجسٹریشن کرائیں ۔ تین دنوں میں اب تک سیکڑوں گاڑیاں رجسٹرڈ کی جاچکی ہیں۔