پاکستان
17 جولائی ، 2014

جیونیوز کی بحالی کیلئےلاہور ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت

جیونیوز کی بحالی کیلئےلاہور ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت

لاہور......لاہور ہائی کورٹ کےمسٹر جسٹس اعجازالاحسن نے سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود کیبل پر جیونیوزکی نشریات پرانے نمبروں پر بحال نہ کرنے کےخلاف کیس پر کارروائی 25جولائی تک ملتوی کر دی۔ پیمرا کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا کہ جیوکی نشریات شروع ہوگئی ہیں۔ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود کیبل پر جیونیوزکی نشریات پرانے نمبروں پر بحال نہ کرنے کےخلاف لاہور ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت ہوئی۔عدالت نے فریقین کے وکلا کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ سماعت پر ان نکات پر دلائل دیں کہ پیمرا کا کہنا ہے کہ جیو نیوز کی نشریات کیبلز پر دکھائی جا رہی ہیں۔کیاپیمرا نے جیو نیوز کی نشریات کی بحالی کے لئے اقدامات کئے؟ اور کیا وہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق ہیں، کیا کیبل آپریٹر اس امر کے پابند ہیں کہ وہ کسی مخصوص چینل کو کسی مخصوص نمبر پر چلائیں۔ اس حوالے سے قانون اور ان کو جاری کئے گئے لائسنس کیا کہتے ہیںاور اگر کیبل آپریٹرز اس پر عمل نہیں کرتے تو پھر دادرسی کیا ہے۔پیمرا کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا کہ جیو نیوز کی نشریات بحال کرنے کے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے والے کیبل آپریٹرز کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے۔ جس کے بعد اب جیو نیوز کی نشریات کیبل پر دکھائی جا رہی ہیں۔جیو نیوز کے وکلا بہزاد حیدر اور جام آصف محمود نے عدالت کو بتایا کہ جیو نیوز کی نشریات مکمل طور پر بحال نہیں ہوئیں۔ کیبل آپریٹرز نے عدالتی حکم کے باوجود جیو نیوز کی نشریات بحال نہیں کیں جو ایک جرم ہے۔ دوران سماعت پاکستان براڈ کاسٹر ایسوسی ایشن نے کیس میں فریق بننے کے لئے درخواست دائر کرنے کی اجازت مانگی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ کیس پر مزید کارروائی 25 جولائی کو ہو گی۔ سماعت کے دوران جیو نیوز لاہور کے بیورو چیف خاورنعیم ہاشمی،سینئر صحافی انجم رشید، جنگ ورکرز یونین کی صدر رخسانہ نازلی، سیکرٹری جنرل وسیم بابر اور صحافتی تنظیموں سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔

مزید خبریں :