07 اگست ، 2014
لاہور.......پنجاب میں عوامی تحریک کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ شروع ہوگئی ہے۔ مختلف اضلاع میں کارکنوں کوحراست میں لے کر 16ایم پی اوز کے تحت مقدمات درج کیے جارہےہیں۔خانیوال پولیس نے کبیر والا میں کارروائی کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے دورہنماؤں نذر محمد اور چوہدری شمشاد کو گرفتار کرلیا۔ ملتان پولیس نے دہلی گیٹ، مظفر آباد، سیتل ماڑی اور قادر پوراں کے علاقوں میں کارروائی کرکے پاکستان عوامی تحریک کے 6رہنماؤں کو گرفتارکرکے سینٹرل جیل میں نظربند کردیا۔ ضلع وہاڑی کے دو رہنماؤں کو بھی سینٹرل جیل ملتان میں نظربند کیا گیا ہے جبکہ 50سےزیادہ کارکنان کو گرفتار کرکے 16ایم پی او کے تحت مقدمہ درج کرنے کے بعد انہیں ڈسٹرکٹ جیل منتقل کردیا گیا۔ فیصل آباد کےڈسٹرکٹ ناظم پاکستان عوامی تحریک میاں کاشف نےالزام عائد کیا ہےکہ ضلع کے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کرکےتحریک کے 67کارکنوں کو حراست میں لے لیاگیا۔ ضلع راجن پور میں 15سے زیادہ کارکن اور عہدیداروں کو گرفتار کرلیا گیا۔ مظفرگڑھ میں پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے 2مقامی رہنماؤں سمیت 30سے زائد کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے۔