پاکستان
10 اگست ، 2014

مقامات مقدسہ کی بے حرمتی کیخلاف ٹی این ایف جے کا لندن میں مظاہرہ

 مقامات مقدسہ کی بے حرمتی کیخلاف ٹی این ایف جے کا لندن میں مظاہرہ

لندن......تحریک نفاذ فقہ جعفریہ برطانیہ کے زیراہتمام قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی کال پر جنت البقیع و جنت المعلیٰ کی عظمت رفتہ کی بحالی اورعراق میں انبیائے کرام کے مزارات کی تباہی ،شام میں حضرت زینب ؑ بنت علی ؑکے مزار پر حملوںصحابہ کبارؓ کی قبور کی تاراجی سمیت دنیا بھر میں اسلامی مقامات مقدسہ مسمار کئے جانے کی مہم کے خلاف کرزن اسٹریٹ لندن میںایمبیسی کے سامنے احتجاجی ماتمی مظاہرہ کیا گیا ،جس کی قیادت ٹی این ایف جے کے آرگنائزر ڈاکٹر زیڈ ایچ نقوی ،ناصر عباس جعفری، مخدوم علی رضا شاہ بخاری ،حافظ مرتضی مہدی ،ذاکر اقبال حسین شاہ بجاڑ،مولانا ناصرحسینی تلہاڑا سید ساجد حسین کاظمی ،مولانا حسن رضااور دیگر علماء و عمائدین نے کی ۔مظاہرے میں تمام مکاتب سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور مقامات مقدسہ کے ساتھ وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے پرجوش نعرے لگائے ۔ٹی این ایف جے یورپ کے آرگنائزر ڈاکٹر زیڈ ایچ نقوی کی جانب سے پیش کردہ قرارداد مظاہرین نے پرجوش نعروں کی گونج میں منظور کی جس میں واضح کیا گیا کہ خاتون جنت حضرت فاطمہ زہراؑ ،امہات المومنین ؓ،پاکیزہ صحابہ کبارؓ،انبیائے کرام ؑ اور اولیاء کے مزارات مقدسہ پوری انسانیت کا ورثہ ہیں جنہیں تباہ کرنا اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت گھناؤنا جرم ہے لہٰذا دنیا سے مطالبہ ہے کہ ان مقامات مقدسہ کے تحفظ کیلئے اقدامات کرے اور سعودی حکمرانوں کو مجبور کیا جائے کہ وہ رسول خداؐ کی جائے پیدائش اور جنت البقیع و جنت المعلیٰ کو اپنی اصلی حالت میں بحال کریں۔قراردادمیں عراق میں داعش اورلیبیا تیونس پاکستان بحرین مصریمن سمیت دنیا بھر میں جنگجوؤں کی جانب سے مزارات مقدسہ کی تباہی پر تشویش کا اظہار کیا گیااور واضح کیا گیا کہ اس کے پیچھے صیہونی ہاتھ ملوث ہے جو مسلمانوں کو ان کے قیمتی سرمائے سے محروم کرنا چاہتے ہیں ۔قرارداد میں دہشت گرد جنگجوؤں کو سرمایہ و تربیت فراہم کرنے والی قوتوں کی پرزور مذمت کی گئی ۔قرارداد میں اسلام آباد میںدربار بری امام کے تبرکات کو اصلی حالت میں برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا گیا۔قرارداد میں غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی پرزور مذمت کرتے مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی اور رسول خدا ؐ کے جد حضرت ہاشم ؑ کے مزار و مسجد امام حسن سمیت دیگر اسلامی مقامات کی تباہی کی پرزور مذمت کی گئی۔

مزید خبریں :