25 اگست ، 2014
لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایم کیوایم کے سینئراراکین وپارلیمنٹرینز کوفوری طوپر اسلام آباد روانگی اورہنگامی طورپر تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ پیر کو نائن زیروعزیزآباد میں رابطہ کمیٹی کے ارکان اورپارلیمنٹرینزسے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے اورآئندہ 72 گھنٹے انتہائی اہم ہیںلہٰذا ایم کیوایم کے سینئر اراکین وپارلیمنٹریز ملک کو موجودہ سیاسی بحران سے نجات دلانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحتیں بروئے کارلائیں۔ الطاف حسین نے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک کی فلاح وبہتری کیلئے خصوصی دعائیں کریں ۔ دریں اثنا الطاف حسین نے ایک مرتبہ پھر حکومت اور احتجاجی دھرنا دینے والی جماعتوں سے پرزورمطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک کی نازک صورتحال کا سنجیدگی سے احساس کریں ، حکومت اوراپوزیشن معنی خیز بات چیت کے ذریعے مسائل کو حل کریں۔ ایک بیان میںانھوں نے کہاکہ پاکستان انتہائی نازک دور سے گزررہا ہے ، ملک کو اندرونی وبیرونی چیلنجوں کا سامنا ہے اوراب تک قومی خزانے کو 8سو ارب روپے سے زائدکا نقصان پہنچ چکا ہے، ڈاکٹر علامہ طاہر القادر ی کے بیشتر مطالبات عوا می امنگوںکے ترجمان ہیں جن کا آئین وقانون سے ہرگز تصادم نہیں ہوتا، ایسے تمام جائز مطالبات کو تسلیم کرنے کیلئے حکومت فی الفوراپنی جماعت کے رفقاء کا اجلاس طلب کرے ، ہمیں اب انتہائی تیز رفتار ی سے فیصلے کرنے ہونگے، کہیں ایسانہ ہوکہ قدرت نے ہمیںبات چیت وافہام تفہیم کا جو موقع عطا کیا ہے اسے ہم سوچ وبچار کرتے گزار دیں ۔علاوہ ازیں قائد تحریک الطاف حسین نے کہا ہے کہ پنجاب میں حق پرستانہ پیغام کے فروغ اور غریب ومتوسط طبقہ میں شعوری بیداری کیلئے حق پرست رکن قومی اسمبلی محترمہ طاہر ہ آصف شہید کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔ ایم کیوایم انٹر نیشنل سیکر یٹریٹ لندن میں شہید کے صاحبزادے نوریز آصف اور صاحبزادی اناہیتہ آصف سے گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے طاہرہ آصف کو زبر دست خراج عقیدت پیش کیا ،لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئےان کے بلنددرجات اور سوگوار لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعاکی ۔